کراچی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں ایک اور مزدور جاں بحق ہوگیا
Source: Daily Pakistan
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مزدور جاں بحق ہوگیا جس کے بعد رواں سال کراچی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں جاں بحق افرادکی تعداد77 تک پہنچ گئی۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت محمد سرورولدمحمد انور کے نام سے کرلی گئی، واقعہ مواچھ موڑ مل ایریا کے قریب پیش آیا، ابتدائی طور پرواقعہ ڈکیتی مزاحمت پر قتل معلوم ہوتا ہے۔پولیس کے مطابق مقتول کی جیب سے صرف ہینڈ فری برآمد ہواہے، محمد سرور کو سر میں ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ ادھر واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے، ملزمان گلی میں بیٹھے شخص سے موبائل فون چھینتے ہیں اور موبائل فون چھیننے کے دوران مقتول کے سر پر گولی چلاتے ہیں اور فرار ہو جاتے ہیں۔پولیس کے مطابق مقتول مزدوری کرتا تھا اور سعید آباد کا رہائشی تھا۔